مزدور کی کم سے کم اجرت 50 ہزار روپے ، 300 یونٹ تک بجلی مفت ، استحکام پاکستان پارٹی کا منشور


استحکام پاکستان پارٹی نے 2023 کے عام انتخابات کیلئے اپنے منشور کو حتمی شکل دے دی، منشور میں پاکستانی معاشرے کو اسلامی معاشرے میں ڈھالنے، ختم نبوتؐ پر موثر قانون سازی ، مدارس کو قومی دھارے میں لانے اور معاشی اصلاحات پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

منشور میں زرعی اصلاحات کے تحت 12 ایکڑ تک زرعی اراضی رکھنے والے کو مفت بجلی جبکہ مزدور کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ 50 ہزار روپے ماہوار مقرر کی جائے گی۔

شہریوں کو 300 یونٹس تک بجلی مفت، کچی آبادیوں کے لئے مالکانہ حقوق، شہریوں کیلئے اپارٹمنٹ بلڈنگز کے کم لاگت رہائشی منصوبے تیار کئے جائیں گے۔

استحکام پاکستان پارٹی کا عقاب کے نشان پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ

منشور کے مطابق آئی پی پی نے موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول کی آدھی قیمتوں پر فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، جبکہ ائیر کنڈیشنڈ پبلک ٹرانسپورٹ، بزرگ شہریوں، خواتین اور سٹوڈنٹس کیلئے مفت سفری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ منشور میں آزادانہ اور خودمختار خارجہ پالیسی یقینی بنانے کا وعدہ کیا گیا جبکہ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق، پاکستان میں ان کی جائیدادوں کے تحفظ و انصاف کی فراہمی بھی منشور کا حصہ ہے، یوتھ اور خواتین کیلئے آسان شرائط پر بلا سود قرضوں و ملازمتوں کی فراہمی، ٹیکنیکل مراکز ، نئے سرکاری میڈیکل و انجینئرنگ کالج کا قیام اوربیرون ملک سکالر شپ کی فراہمی منشور میں شامل ہے۔


متعلقہ خبریں