منحرف بلدیاتی نمائندوں کی پارٹی رکنیت ختم

pti

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے منحرف بلدیاتی نمائندوں کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کر دی۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے منحرف ارکان کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ پہلے مرحلے میں 11 اراکین کو پارٹی سے نکالا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں میئر کے انتخاب کے لیے پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن جن اراکین نے پارٹی کی ہدایت پر عمل نہیں کیا ان کی پارٹی رکنیت ختم کی جا رہی ہے۔ جن پی ٹی آئی اراکین کی پارٹی رکنیت ختم کی گئی ان میں 10 یونین کمیٹی (یو سی) کے چیئرمین اور ایک وائس چیئرمین شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف معاہدے کیلئے مزید 215 ارب روپے کے ٹیکس لگا رہے ہیں، اسحاق ڈار

15 جون کو ہونے والے میئر کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے مرتضٰی وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کے درمیان مقابلہ ہوا تھا۔ پیپلز پارٹی کے مرتضٰی وہاب 173 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ حافظ نعیم الرحمان نے 160 ووٹ حاصل کیے تھے۔

جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے 30 اراکین کو ووٹ دینے سے روکا گیا جس کے خلاف انہوں نے عدالت سے بھی رجوع کیا ہے۔


متعلقہ خبریں