پروفیسر حسن عسکری رضوی پنجاب کے نگراں وزیراعلی مقرر

حسن عسکری رضوری پنجاب کے نگراں وزیراعلی مقرر | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے نگراں وزیراعلی پنجاب کے لیے ڈاکٹر پروفیسر حسن عسکری رضوی کا نام طے کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق پروفیسر حسن عسکری رضوی کا نام متفقہ طور پر طے کیا گیا ہے۔

جمعرات کو نگراں وزیراعلی کے تقرر کے لیے الیکشن کمیشن کا خصوصی اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں منعقد ہوا۔

گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا لاہورمیں ہونے والا اجلاس بے سود رہا تھا۔ ن لیگ اور تحریک انصاف کسی ایک نام پرمتفق نہ ہوسکی تھیں جس کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا تھا۔

ڈیڈ لاک پرن لیگ اور تحریک انصاف نے ایک دوسرے پرالزامات بھی عائد کئے۔ سابق اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے مذاکرات میں ناکامی کا ذمہ دار حکومت کو ٹھہرایا جب کہ ن لیگی رہنما ملک محمد احمد سارا ملبہ حزب اختلاف پر ڈالتے رہے۔

محمود الرشید کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایاز امیر کے نام پر اور ہمیں ایڈمرل (ر) ذکاءاللہ کےنام پر تحفظات تھے۔ ملک محمد احمد نے کہا تھا کہ اپوزیشن حکومتی ناموں پراعتراض اٹھائے بغیر انہیں مسترد کرتی رہی ہے۔

دو مرتبہ پنجاب کے نگران وزیراعلی کے لیے دیے گئے نام واپس لینے کے بعد تحریک انصاف نے تیسری مرتبہ پروفیسر حسن عسکری اور ایاز امیر کا نام تجویز کیا تھا۔

ڈاکٹر حسن عسکری رضوی کون؟

پاکستان کے مختلف نیوز چینلز پر دفاعی و سیاسی تجزیہ کار کے طور پر معروف ڈاکٹر حسن عسکری رضوی پنجاب یونیورسٹی میں معلم کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

پنجاب یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس اور انگلش لٹریچر میں گریجویشن کرنے والے حسن عسکری نے برطانیہ سے ماسٹر ڈگری کے لیے تعلیم حاصل کی۔ یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے 1979 میں ایم اے کرنے والے حسن عسکری نے اسی ادارے سے 1980 میں ڈاکٹریٹ کی سند حاصل کی۔

ڈاکٹر حسن عسکری 1966 سے 1999 کے دوران کولمبیا یونیورسٹی میں پاکستان اسٹڈیز کے وزٹنگ پروفیسر رہے ہیں۔ 1980 سے 1991 کے دوران وہ جرمنی کی ہیڈلبرگ یونیورستی میں علامہ اقبال کے موضوع پر پڑھاتے رہے ہیں۔ وطن واپس آنے کے بعد سے وہ مختلف ٹیلی ویژن چینلز پر بطور مبصر آتے رہے جب کہ مختلف اخبارات میں کالم بھی لکھے۔


متعلقہ خبریں