وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حلقے کی تعمیروترقی کاکام جاری ہے،حلقے میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کیےہیں،ن لیگ عوام کی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور ترقی کاسفرجاری رہے گا۔
ہم نیوز کے مطابق فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا آئی ایم ایف نہیں جاوں گا خود کشی کرلوں گا،عمران خان جھوٹا انسان ہے ،کوئی ایک بات بھی پوری نہیں کی۔
عمران خان نے خودکشی نہیں لیکن آئی ایم ایف سے معاہدہ کر دیا، عمران خان نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا، اسی معاہدے کو پورا کرتے کرتے ہم یہاں تک پہنچے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آئی ایم ایف شرائط کی وجہ سے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، چین جیسا دوست ملک بھی کہتا کہ آپ آئی ایم ایف کیساتھ پہلے معاہد ہ کریں، مجبوری ہے کہ عام آدمی کیلئے ہمیں مشکل فیصلے لینے پڑے۔
عمران خان دور کے غلط فیصلوں سے ملک میں مہنگائی ہے، عوام نے ووٹ کی طاقت سے نواز شریف پر اعتماد کیا تو ہم نے ملک کو بحرانوں سے نکالا،اگر یہ چارسال کا عرصہ نہ آتا تو پاکستان ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہوتا، نشہ خود کرتا ہے اور مقدمہ میرے اوپر ڈال دیا گیا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ فرح خان نے اربوں روپے بیرون ملک بھیجے، فرح خان کا وزیراعظم ہاوس میں داخلہ فری تھا، فرح خان نےڈی سی ،ڈی پی او لگانے کے کروڑوں روپے وصول کیے،فرح خان نے 12ارب روپے بیرون ملک منتقل کیے ۔
عمران خان نے دوسروں پر الزامات کے علاوہ کچھ نہیں کیا، عمران خان نے اپنے دور میں مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنائے، نااہل انسان کو اس ملک پر مسلط کیا گیا۔