سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف سوچ لیں کہ عدالتی فیصلہ ماننا ہے یا نااہل ہوکر رائیونڈ جانا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے الیکشن التوا کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے مشکل وقت میں بہتر فیصلہ دیا اور نظریہ ضرورت نہیں بنی۔ ایمرجنسی لگانے یا مارشل لا کی باتیں کرنے کے ڈراؤنے خواب دیکھنا چھوڑدیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 85 رکنی کابینہ کا جمعہ بازار سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد نہیں کرسکتی۔ شہباز شریف حکومت نااہلی یا انارکی میں سے ایک کے لیے تیار ہوجائیں۔ عوام کا نام ریاست ہے، اگر عدلیہ کا فیصلہ نہ مانا تو گلی کوچے میں بغاوت ہوگی۔
لندن میں بیٹھا مفرور شخص عدلیہ پرحملہ آور ہو رہا ہے،شیخ رشید
سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی مایوس کُن پریس کانفرنس خود ان کو منہ چڑھا رہی ہے۔ یہ لوگ سعودی عرب کے سرکاری مہمان بننے کی بھیک مانگ رہے ہیں۔