تین ماہ میں معیشت کا بیڑا غرق ہو گیا، اسد عمر


فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ تین ماہ میں معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 8 ماہ میں جو مہنگائی دیکھی پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھی اور سیاست میں ایک مصنوعی بحران پیدا کیا گیا جبکہ اس وقت ملک میں معاشی اور سیاسی بحران ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا سیاسی میدان میں مقابلہ نہیں کر سکتے۔ روپے کی قدر میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ فیصل آباد میں ہم نے ٹیکسٹائل پالیسی کا اعلان کیا تھا لیکن موجودہ حکومت کی توجہ صرف اپنے کیسز ختم کرانے پر ہے۔ جب کوئی اپنی جیب سے سرمایہ کاری کے لیے پیسہ لگاتا ہے تو اس کا مطلب اسے یقین ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے کیوں نہیں بنی ؟ بتا دیا تو رنگ میں بھنگ پڑ جائے گا، شہباز شریف

اسد عمر نے کہا کہ ہمارے دور میں نواز شریف کے دور سے دو گنی مشینری امپورٹ ہوئی جبکہ ایکسپورٹ ایک ارب ایک اعشاریہ کچھ پر پھنسی ہوئی تھی۔ حکومت کے پاس کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے جبکہ میں 8 ماہ وزیر خزانہ رہا اور مختلف شہروں کے دورے کیے۔

انہوں نے کہا کہ 1974 سے ایسا بحران نہیں دیکھا جو آج دیکھا جا رہا ہے۔ 3 ماہ کے اندر معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا اور کرپشن کے کیسز ختم کروائے گئے۔ بیرونی سازش سے حکومت کو چینج کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیں پتا ہے انڈسٹری کیسے اسٹینڈ ہوسکتی ہے اور ہمارے پاس پوری ٹیم ہے جو اس انڈسٹری کو دوبارہ سے کھڑا کر سکتی ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) کے ساتھ بھی ہمارے اچھے تعلقات تھے اور آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر بھی ملک خوشحالی کے ساتھ چل رہا تھا لیکن امپورٹ نظام نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں