کیپیٹن(ر) صفدر ایون فیلڈ کیس میں آج اپنا بیان قلمبند کرائیں گے


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر) صفدر ایون فیلڈ (لندن فلیٹ) ریفرنس کیس میں آج اپنا بیان قلمبند کرائیں گے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنس کیس کی سماعت کریں گے۔

قومی احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے دائر ریفرنس میں نامزد تینوں ملزمان نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدراحتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔

احتساب عدالت 128 سوالات پر مشتمل سوالنامے کی کاپیاں پہلے ہی ملزمان کے وکلا کو دے چکی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی نے ایون فیلڈ (لندن فلیٹ) ریفرنس کیس میں اپنے بیانات قلم بند کرا دیے ہیں۔

پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے تھے۔

لندن فلیٹس ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ملزمان ٹھہرایا گیا تھا۔

حسن نواز اور حسین نواز کو عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے مفرور قرار دیا جا چکا ہے جس کے بعد عدالت نے ان کے مقدمات علیحدہ کر دیے تھے۔


متعلقہ خبریں