ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی

فائل فوٹو


اسلام آباد: عید میلاد النبیﷺ آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ ملک بھر میں گلیاں بازار سج گئے، کہیں موٹرسائیکل اور کار ریلی نکالی گئی تو کہیں کشتیوں و اونٹوں کی ریلیاں نکال کر اظہار عقیدت پیش کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق 12 ربیع الاول کے موقع پر دن کا آغٓاز اکیس  توپوں کی سلامی سے ہوا جب کہ اسلام آباد ،لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جشن کا سماں رہا، شہروں میں گلیاں و بازار سجے رہے، شہریوں نے اپنے گھروں پر بھی خصوصی سجاوٹ کر کے اللہ کے آخری نبیﷺ سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، عید میلاد النبیﷺ 9 اکتوبر کو ہو گی

ہم نیوز کے مطابق مساجد ، سرکاری عمارتوں، مارکیٹوں اور اہم عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ کے ماڈل بھی  تیار کئے گئے،  ملک بھر میں جلوس اور نعتیہ محافل کا انعقاد بھی کیا گیا۔

بلوچستان کے ماہی گیروں نے ڈام کے کھلے سمندر میں کشتی ریلی کا انعقاد کیا۔ عاشقان رسولؐ نے یارسول اللہ کے نعرے لگائے، حیدرآباد میں اونٹ گاڑی پر بچوں کے جلوس نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

راولاکوٹ میں موٹرسائیکل اور کار ریلی نکالی گئی۔  شہر کی فضاء درود پاک کی صداؤں سے معطر ہو گئی۔

ہم نیوز کے مطابق سیکیورٹی کی وجہ سے کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی بند کی گئی، حکام کے مطابق کراچی میں گرین لائن اور اورنج لائن بس سروس بھی معطل رہی۔


متعلقہ خبریں