آؤٹ آف فارم ویرات کوہلی کے نام بابراعظم کا خصوصی پیغام


قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آؤٹ آف فارم سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے نام خصوصی پیغام بھیجا جسے بارڈر کے دونوں جانب مداحوں نے خوب سراہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بابر نے ویرات کوہلی کے ہمراہ اپنی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا، آپ ثابت قدم رہیں۔

خیال رہے کہ دورہ انگلینڈ کے دوران بھارتی بیٹر ویرات کوہلی بڑی اننگز کھیلنے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی سیریز اور اب ون ڈے سیریز میں بھی ان کا بلا رنز اگلنے سے قاصر رہا۔

دوسری جانب بھارت کے سابق کرکٹرز اور پنڈٹ سیلکٹرز سے مطالبہ کر رہے کہ ویرات کوہلی کی جگہ کسی دوسرے بلے باز کو موقع دیا جائے۔

اسی دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کے سیلکشن کمیٹی نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ویرات کوہلی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ پر پہلے نمبر پر موجود پاکستانی بیٹر کے اس پیغام کو بھارت کے لوگوں نے خوب سراہا ہے۔

ایک بھارتی صارف نے بابراعظم کے پیغام کی تعریف کی اور لکھا کہ انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ سے بہت سے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔

بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے بھی اپنے لائیو پروگرام میں بابراعظم کی ٹوئٹ کا ذکرکیا اور ان کی خوب تعریف کی۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں