بونیر: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل چاہتے ہیں پاکستان کمزور ہو اور ٹوٹے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی سیاست کی اور بیرونی سازش کے تحت یہ امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط ہوئی۔ جب ہماری حکومت گرائی گئی تو ہندوستان میں خوشی منائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی نریندر مودی کے خلاف بات نہیں کی جبکہ آصف علی زرداری اس ملک کی بہت بڑی بیماری ہیں انہیں پیسے کی بیماری ہے، پیسے دیکھ کر ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ڈونلڈ لو کے ذریعے امریکہ نے دھمکی دی کہ عمران خان کو اقتدار سے ہٹا دو اور 7 مارچ کو مراسلہ بھیجا جاتا ہے پھر 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جاتی ہے۔ امریکہ کبھی نہیں چاہتا کہ پاکستان مستحکم ہو۔
انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کو بھی اچانک یاد آ جاتا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت بری ہو گئی اور بہت شور مچایا جاتا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مہنگائی کر دی اور کانپیں ٹانگنے والے بلاول نے ہماری حکومت میں مہنگائی کے خلاف مارچ کیا لیکن امپورٹڈ حکومت نے ڈیڑھ ماہ میں آٹے اور پیٹرول کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان ملکی خزانہ خالی کر گئے، مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، وزیر مملکت
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں ہمارے دور میں 3 فیصد اور ان کے دور میں 27 فیصد بڑھیں۔ پٹرول ایک لیٹر ہمارے 3 سال میں 56 روپے 90 پیسے بڑھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل چاہتے ہیں پاکستان کمزور ہو اور ٹوٹے اور جب ہماری حکومت گرائی گئی تو بھارت میں ایسے خوشیاں منائی گئیں جیسے شہباز شریف نہیں شہباز سنگھ تھا، شریف خاندان کے بھارت کی بزنس کمیونٹی سے گہرے تعلقات ہیں اس کے باوجود کہ مودی نے کشمیریوں پر ظلم کیا اور نواز شریف نے اسے شادی پر بلایا۔
عمران خان نے کہا کہ ان کے دور میں 400 ڈرون حملے ہوئے لیکن ایک بار بھی ان کے منہ سے نہیں نکلا یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اگر میرا پیسہ باہر ہوتا تو کبھی ان کے سامنے ایبسلوٹلی ناٹ نہیں کہہ سکتا تھا۔ امریکی جنگ میں شرکت کر کے ہم نے اپنا نقصان اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ کیا کبھی پہلے کسی نے ایک ہفتے میں پیٹرول 30 روپے مہنگا کیا ؟ آئی ایم ایف ہمیں بھی پیٹرول مہنگا کرنے کا کہتا تھا لیکن ہم نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے۔
ایک بار پر نیوٹرل سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوٹرل رہنا بھی اچھی بات ہے لیکن ملکی سالمیت بہت ضروری ہے۔ سوویت یونین معاشی بدحالی کی وجہ سے ٹوٹا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ کیا سزا یافتہ مفرور نواز شریف فیصلہ کرے گا کہ میں غدار ہوں ؟ پاکستان میں شریف اور زرداری خاندان نے30 سال حکومت کی اور آج یہ کوشش کر رہے ہیں عمران خان پر غداری کا مقدمہ کر کے راستے سے ہٹایا جائے۔ یہ نیب کو ختم کرنے جا رہے ہیں اور نیب ختم ہونے سے ان پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ختم ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی میں شہباز شریف نے اپنے مفرور بیٹے کو بٹھایا ہوا تھا اور جب سے یہ چور آئے ہیں یہ پاکستان کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ موجودہ نظام میں چھوٹے چور جیلوں میں اور بڑے چور ایوانوں میں بیٹھے ہیں۔ یہ الیکشن میں دھاندلی کر کے جیتنے کی پوری تیاری کر رہے ہیں اور انہوں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر پہلے سے ہی میچ فکس کیا ہوا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے پولیس کو ساتھ ملا کر جھوٹے کیسز بنائے اور 25 کی رات جو ظلم ہوا پہلے اس ملک میں کبھی نہیں ہوا۔ بے دردی سے بچوں اور عورتوں پر شیلنگ کی گئی، پولیس چادر اور چار دیواری کی پروا کیے بغیر گھروں میں گھس گئی۔
انہوں نے کہا کہ کیا سزا یافتہ مفرور نواز شریف فیصلہ کرے گا کہ میں غدار ہوں، پاکستان کے 2 خاندانوں نے 30 سال حکومت کی اور ملک کو مقروض کیا۔ قوم جاگ گئی ہے، چوروں اور غداروں کو پہچان چکی ہے اور یہ کسی طریقے سے عمران خان کو راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔