معذور شخص نے ہاتھوں سے تیز دوڑ کر ریکارڈ قائم کر دیا

معذور شخص نے ہاتھوں سے تیز دوڑ کا ریکارڈ قائم کر دیا

اوہایو: امریکی معذور شہری زیون کلارک نے ہاتھوں پر دوڑ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹانگوں سے محروم امریکی شہری نے 20 میٹر کا فاصلہ اپنے ہاتھوں کے بل پر دوڑ کر 4.78 سیکنڈ میں طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔

امریکی شہری زیون کلارک کی طرف سے میسیلون، اوہایو میں ہاتھوں کے بل دوڑ کے ریکارڈ کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی تسلیم کر لیا جسے آئندہ سالانہ کتاب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ 2022 کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

24 سالہ زیون کلارک پیدائشی طور پر ٹانگوں سے محروم ہیں اور انہیں ان کی والدہ اسپتال میں ہی چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔ جس کے بعد وہ 16 سال تک مختلف گھروں میں لے پالک بچے کے طور پر پلتے رہے اور ہر طرح کی پریشانیوں کا سامنا بھی کیا۔

2013 میں کمبرلی ہاکنز نامی خاتون نے کلارک کو اپنا بیٹا بنا کر مستقل طور پر اپنے پاس رکھ لیا تھا۔ زیون کلارک کا کہنا تھا کہ ان کے لیے زندگی سب سے بڑا چیلنج تھی جسے انہوں نے سخت محنت سے آسان کیا اور انہوں نے کامیابی حاصل کرنے کے لیے ہر وہ کام کیے جو ایک عام انسان کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ںے اداکاری سمیت باڈی بلڈنگ بھی کی اور ریسلنگ میں مہارت حاصل کر کے دنیا کو دکھا دیا کہ مجھ میں سب کچھ کرنے کی صلاحیت ہے۔

زیون کلارک کا کہنا تھا کہ وہ اب 2024 کے سمر اولمپکس اور پیرالمپکس میں حصہ لینے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔


متعلقہ خبریں