بلنکن کا بیان مایوس کن،افغان حکومت کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا دباو نہیں، دفتر خارجہ

پاکستان فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، انتھونی بلنکن کا بیان حیران کن قرار: دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان پر افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ہے۔

افغانستان کو تنہا چھوڑنا ایک سنگین غلطی ہوگی،معید یوسف

ہم نیوز کے مطابق ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے افغانستان کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے جائزے کے حوالے سے امریکہ کے سیکریٹری اسٹیٹ انتھونی بلنکن کے بیان پر حیرت و مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغان تنازع کے سیاسی حل کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی دباؤ کے بغیر اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں سہولت کاری کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے روس اور چین سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات شراکت داری پر مبنی ہیں۔

بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت میں ایٹمی مواد کی غیر قانونی فروخت کا معاملہ خود بھارتی میڈیا نے اٹھایا ہے لیکن پاکستان کو اس معاملے پر شدید تشویش ہے۔ انہوں ںے کہا کہ اس معاملے کو پاکستان متعلقہ فورمز پر اٹھائے گا۔

بھارت: حکومت تابکاری مواد کی حفاظت میں پھر ناکام، اربوں روپے کا تابکاری مواد برامد

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پاکستان نے 12 ستمبر کو عالمی برادری کے لیے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مشتمل ڈوزیئر جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر سوچ بچار کرنا ہو گی۔

عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ بھارت جعلی مقابلوں اور جھوٹے فلیگ آپریشنز سے اپنی خفت مٹانے کی کوشش میں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ وزیر اعظم شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے لیے تاجکستان کے شہر دوشنبے پہنچ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا یہ وسط ایشیائی ممالک کا تیسرا دورہ ہے اور اعلی سطحی وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔

افغانستان کےمسئلے پر پاکستان سے مسلسل رابطے میں ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

ہم نیوز کے مطابق ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور روسی صدر ویلادی میر پیوٹن نے ٹیلیفونک رابطے میں افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے حوالے سے حکمت عملی پر بات چیت کی ہے۔


متعلقہ خبریں