پاکستان کی ایک اور بیٹی نے وطن عزیز کا نام عالمی سطح پر بلند کیا ہے۔
لاہور کی کم عمر طالبہ ایمان جواد نے ینگسٹ انٹرنیشنل لیڈی ڈیانا ایوارڈ2021 اپنے نام کیا۔ ہونہار اور باہمت ایمان نے یہ اعزاز سوشل ورک کی بنیاد پر حاصل کیا۔
لاہور کی سولہ سالہ ایمان جواد نے آگ سے جلنے والے افراد کے علاج اور بحالی میں مددگار پریشر گارمنٹس بنانا شروع کیا اور خدمت خلق کا یہ کام ایمان کی عالمی سطح پر کامیابی اور پہچان کا باعث بن گیا۔
ینگسٹ انٹرنیشنل لیڈی ڈیانا ایوارڈ 2021 کیلئے او لیول کی طالبہ کا انتخاب آگ سے متاثرہ700 افراد کو1200 سے زائد “پریشر گارمنٹس” فراہم کرنے پر کیا گیا۔
پریشر گارمنٹس کی ایک شرٹ کی تیاری پر دس سے پندرہ ہزار تک لاگت آتی ہے اور یہ تمام خرچ ایمان جواد ڈونرز کی مدد سے اٹھاتی ہیں۔
ایمان کے مطابق وہ بچپن میں اپنی والدہ، جو ڈاکٹر ہیں، کے ہمراہ ‘برن وارڈ’ جایا کرتی تھی، وہاں جھلسے افراد کی کیفیت دیکھ کر اس میں ان کی مدد کا جذبہ پیدا ہوا۔
بیٹی کی کامیابی پر نازاں ایمان کی والدہ کہتی ہیں اگر سب لوگ اپنے بیٹوں کی طرح بیٹیوں کی تعلیم پر بھی توجہ دیں تو یقینا وہ بھی ان کی طرح اپنے فیصلے پر فخر کریں گے۔
ایمان کی والدہ ڈاکٹر افشین نے ہم نیوز کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کی تعلیم پر توجہ دیں تاکہ وہ مستقبل میں اپنے لیے، اپنے گھر والوں کے لیئے اپنے ملک کے لیئے لچھ اچھا کر سکیں۔