بالی وڈ سٹار سلمان خان کو بھارت پولیس نے دھوکا دہی کے کیس میں طلب کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان کو مبینہ طور پر دھوکا دہی کے مقدمے میں چیریٹی’ہیومن بینگ ‘ سے منسلک 7 افراد سمیت چندی گڑھ سے پولیس نے طلب کر لیا ہے۔
ارون گپتا نامی تاجرنے سلمان خان اور ہیومن بینگ کے دیگر عہدیداروں کے خلاف دھوکا دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کرایا ہے۔
ہیومن بینگ کے دو عہدیداروں کی جانب سے انہیں چندی گڑھ میں فرنچائز کھولنے کا کہا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپوٹ کے مطابق 2 کروڑ کی سرمایہ کاری ہونی تھی جب کہ عہدیداروں کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا کہ سلمان خان شوروم کے افتتاح کے لیے آئیں گے تاہم شوروم کھولنے کے بعد انہیں کسی قسم کا کوئی سامان وصول نہیں ہوا۔
ارون گپتا نے کہا کہ گزشتہ سال چیریٹی کے عہدیداروں کی جانب سے ان کی اور سلمان خان کی ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میں سلمان خان نےاس مسئلے کے حل کا وعدہ کیا لیکن ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود کوئی سامان موصول نہ ہوسکا۔ پولیس کے مطابق سلمان خان سمیت دیگر افراد کو 13 جولائی تک جواب جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔
