وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین لگوالی

وزیراعظم عمران خان نے کورونا ویکسین لگوالی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوالی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا کی تیسری  لہر کے پیش نظر ایس اوپیز پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ملک بھرمیں کورونا ویکسین لگانے کی مہم جاری ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں 60 سال اور زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگائے جانے کا عمل جاری ہے۔ اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر تعلیم شفقت محمود سمیت متعدد شخصیات نے کورونا ویکسین لگوائی ہیں۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید61اموات اور 3ہزار495نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 717 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6لاکھ 15 ہزار810ہو گئی ہے۔

ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد24ہزار592 ہے۔ 5 لاکھ 77 ہزار501 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کے3ہزار495نئےکیسز رپورٹ،مزید61اموات

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافے اور ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث سخت پابندیوں کا عندیہ دے دیا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا مارننگ سیشن اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دی گئی کہ ملک میں کورونا کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی ہے۔

این سی او سی اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام بڑے شہروں میں کورونا کی شرح 5 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔ این سی او سی نے ایس او پیز پر عمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ این سی او سی کے احکامات پر سختی سے عمل کرایا جائے، ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو سخت اقدامات اٹھانے مجبور ہوں گے۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو کاروبار بند اور معاشی سرگرمیاں محدود ہو سکتی ہیں، کورونا ویکسی نیشن سینٹرز اتوار اور سرکاری تعطیلات کے دونوں میں بند ہوں گے

قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال بہتر نہ ہوئی تو مزید پابندیاں لگائیں گے۔


متعلقہ خبریں