راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یہ مسلم لیگ ن کا دہرا معیار ہے کہ ووٹ کو عزت دو مگر ووٹر کو کورونا سے مرنے دو۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ کورونا سے ملک کی بنیادیں ہل جائیں انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کا پشاور پی ڈی ایم جلسہ شیڈول کے مطابق منعقد کرانے کا اعلان
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ان کی اولادیں اور رشتے دار ملک سے باہر ہیں، انہیں غریب کا بچہ قربانی کے لیے درکار ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی اتحاد پی ڈی ایم کل پشاور میں اپنی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔
نمائندہ ہم نیوز کے مطابق پشاور میں منعقد کیے جانے والے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جلسے کے لیے پشاور رنگ روڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کے زیر اہتمام منعقد کیے جانے والے جلسہ عام کے لیے کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں اور 10 ہزار کے قریب جلسے کے شرکا کے لیے کرسیاں لگائی جائیں گی۔
اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ علاقہ پولیس نے پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کو ہدایت کی تھی کہ وہ لائے جانے والے کنٹینرز آج نہ لگائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے پی ڈی ایم کی مقامی قیادت سے کہا تھا کہ وہ لائے جانے والے کنٹینروں کو کسی دوسری جگہ منتقل کردے تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: جب تک جعلی حکومت ہے ملک نہیں چل سکتا، مریم نواز
ہم نیوز کو اس سلسلے میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ڈی ایم کی مقامی قیادت نے اس سلسلے میں علاقہ پولیس سے کہا کہ لائے جانے والے تمام کنٹینرز جلسہ گاہ میں لگائے جائیں گے۔