حکمرانوں کی نااہلی کیوجہ سے عوام کرب میں مبتلا ہیں، فضل الرحمان



لاہور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام کرب میں مبتلا ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی اپنے میدان میں کام  کرے کوئی کسی کی ٹانگیں نہ کھینچے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا جلسہ: لاہور میں راستوں کی بندش کا پلان جاری

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، ہمارا مقصد پارلیمنٹ کی بالادستی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن متحد ہے، عام انتخابات ہونے چاہییں اور عوام کو اپنے رہنما منتخب کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمان عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سےلائی گئی ہے، اب تو حکمران ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ حالات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت کو دسمبر نصیب نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں، یہ احساس ہونا چاہیے کہ پاکستان  پاکستانیوں کا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جتنا سیاسی عمل کو طاقت ور بنائیں گے اتنا ہی فرقہ واریت تحلیل ہوگی۔ عہدوں کے لیے نہیں، مقصد کے لیے پی ڈی ایم کا حصہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ابھی رکاوٹوں سے سامنا نہیں ہوا اور ہوگا بھی نہیں، تحریک کا آغاز آج گوجرانوالہ سے ہوگا۔

پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کا پہلا جلسہ آج گوجرانوالہ میں ہوگا جس میں شرکت کیلئے مریم نواز جاتی امرا سے روانہ ہوچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا جلسہ: بغیر ماسک اور سینیٹائزر جلسہ گاہ میں جانے پر پابندی

مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کی قیادت کے ساتھ پلان فائنل کرلیا۔ حزب اختلاف کا کہنا ہےکارکنوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہونے کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قافلوں کے ہمراہ گوجرانوالہ پہنچیں گے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لالہ موسیٰ سے ریلی کے ساتھ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔


متعلقہ خبریں