اسلام آباد: قبائلی ضلع سے تعلق رکھنے والے ایوان بالا (سینیٹ) کے آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی پر نامعلوم افراد نے موٹر وے بھیرہ کے مقام پر حملہ کردیا۔
سینیٹر مرزا آفریدی پر حملہ میں ان کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔ سینیٹر مرزا آفریدی سینیٹ اجلاس میں شرکت کیلئے لاہور سے اسلام آباد آرہے تھے۔
سینیٹر مرزا محمد آفریدی کا کہنا تھا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی تعاقب میں تھی۔ تعاقب کے باعث ا سپیڈ کم کی اور سروس ایریا کی طرف گیا۔ اسپیڈ کم کرنے کے بعد اچانک فرنٹ ونڈ پر کوئی زوردار چیز ماری گئی۔ سروس ایریا کی طرف موڑنے پر گاڑی میں سوار نامعلوم افراد فرار ہوگئے۔
خیال رہے کہ 10 ستمبر بروز جمعرات کو لاہور کے قریب موٹروے پر خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ موٹروے پر خاتون کی گاڑی میں پیٹرول ختم ہو گیا تھا اور خاتون نے گاڑی کو اندر سے لاک کر رکھا تھا تاہم ملزمان نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کا شیشہ توڑا۔
خاتون کی میڈیکل رپورٹ میں جنسی زیادتی ثابت ہوئی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی 28 ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔ جیو فینسنگ سے ملزمان کی جائے واردات پر موجودگی ثابت ہوئی ہے۔