کوئٹہ : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم بلوچستان کے ہر علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت کوئٹہ میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا ہے جس میں میں انہیں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں ، کورونا وائرس، حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود اور پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بد قسمتی سے ماضی میں بلوچستان سے وعدے تو کئے گئے مگر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ بلوچستان کے لئے ہماری حکومت نے پی ایس ڈی پی میں سب سے زیادہ فنڈز مختص کئے جو ہماری حکومت کی بلوچستان سے وابستگی اور خلوص نیت سے کمٹمنٹ کی عکاسی ہے۔
عمران خان شہریوں کو کورونا سے بچانے والے عالمی رہنماؤں میں سب سےکامیاب قرار
انہوں نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ یہاں ترقی کی بے پناہ صلاحیت اور مواقع موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ترقی کے حوالے سے ترجیحات مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ کچی کینال سے زرعی ترقی کے بے پناہ امکانات روشن ہو سکتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے مگر ہمیں مزید احتیاط کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عنقریب وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر بلوچستان کا دورہ کریں گے اور جنوبی بلوچستان کی ترقی کے لئے سپیشل پیکیج مرتب کرنے کے حوالے سے مشاورت کریں گے۔
اس موقع پر وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے شرکا کو آگاہ کیا کہ وزارت منصوبہ بندی نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے ایک کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی نمائندگی ہے۔
اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات بھی کی جس میں صوبہ بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی امور پر گفتگو ہوئی ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کابینہ اراکین نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں دلچسپی لینے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔