چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی کمپنی بوئنگ سے 200 طیارے خریدے گا اور امریکا کے ساتھ گزشتہ سال کوالالمپور میں طے پانے والے تجارتی معاہدے میں توسیع کا خواہاں ہے۔
چینی وزارت تجارت کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ بیجنگ نے بوئنگ طیاروں کی خریداری کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔ یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دورۂ چین کے بعد سامنے آئی، جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں متعدد تجارتی معاہدے طے پائے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ بوئنگ طیاروں کی خریداری 750 تک بھی جا سکتی ہے، جبکہ ان طیاروں میں جی ای ایرو اسپیس کے انجن نصب ہوں گے۔ معاہدے کے تحت امریکا چین کو طیاروں کے انجن اور پرزہ جات کی فراہمی کی ضمانت بھی دے گا۔
چینی وزارت کے مطابق دونوں ممالک کم از کم 30 ارب ڈالر مالیت کی اشیا پر باہمی ٹیرف میں کمی پر بھی غور کریں گے، جبکہ اس بات پر زور دیا گیا کہ امریکی ٹیرف کو کوالالمپور معاہدے میں طے شدہ سطح سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ چین اور امریکا کے درمیان گزشتہ سال کوالالمپور میں ہونے والے معاہدے کے تحت تجارتی جنگ بندی میں ایک سال کی توسیع کی گئی تھی، جس میں امریکی محصولات میں کمی اور چین کی جانب سے نایاب معدنیات کی برآمد پر نئی پابندیوں کو روکنا شامل تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاہدہ دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوشش ہے، تاہم اس کے اثرات عالمی تجارت پر بھی نمایاں ہوں گے۔
