کراچی میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی بھی معطل

کراچی

کراچی: شہر قائد میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق سرجانی ٹاؤن، گلستان جوہر، گڈاپ ٹاؤن ، بن قاسم سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں معطل ہونے والی بجلی تاحال بحال نہیں کی جا سکی ہے۔

دادا بھائی کے علاقے میں گزشتہ 16 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ گلستان جوہر اور فیڈرل بھی ایریا میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں کیبل فالٹس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ شہر میں پانی کی سطح میں اضافے کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کی گئی ہے تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو رہا ہے اور سیلابی صورتحال میں بجلی کی فراہمی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کے میٹر بھی پانی میں ڈوب گئے ہیں۔

کراچی میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور متعدد شاہراہیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر کراچی کور بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کر رہی ہے۔

پاکستان کے معاشی حب میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ذرائع آمدو رفت اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بارش کے طوفانی اسپیل نے کراچی کو پھر دریا بنادیا

مون سون کے چھٹے اور طوفانی اسپیل نے کراچی کو پھر دریا بنادیا ہے۔  لٹھ اور تھڈو ڈیم اوور فلو ہو گئے ہیں۔

ناردرن بائی پاس اور ملیر ندی میں شدید سیلابی صورتحال ہے اور سہراب گوٹھ کے قریب لیاری ندی اوورفلو ہوگئی ہے۔


متعلقہ خبریں