بابا فرید الدین گنج شکر کے سالانہ عرس کا آغاز ہو گیا


پاکپتن: پاکپتن میں برصغیر پاک و ہند کے عظیم بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے 778 ویں پندرہ روزہ عرس کی تقریبات کا آغاز کر دیا گیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق عرس کی تقریبات کے آغاز پر دربار کے سجادہ نشین نے زائرین میں سلسلہ چشتیہ کے روایتی تبرکات بھی تقسیم کیے۔

کرونا وائرس کے پیش نظر سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی نے خاندان چشت کے مخصوص لوگوں کے ہمراہ  صدیوں سے جاری روایتی رسومات کو ادا کرتے ہوئے 778 ویں عرس کی پندرہ روزہ تقریب کا آغاز کیا۔

رسومات میں ختم خواجہ خواجگان، رسم قوالی، شکر مکھانے اور خاص تبرک تقسیم کیے گئے اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، کورونا وباء کے خاتمے اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

رواں سال کورونا وباء کے پیش نظر دربار پر عرس کی تقریبات کا انتہائی محدود انتظام کیا گیا ہے اور دوسرے شہروں سے آنے والے زائرین کو عرس تقریبات میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کا 1290 واں عرس شروع

عرس کے موقع پر پاکپتن پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ٹاؤن ہال سے لے کر مچھلی چوک تک عارضی اور لوہے کے گیٹ لگا کر مین بازاروں اور سڑکوں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں