کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن میں 15 روز کی توسیع کر دی گئی جبکہ جمعہ کو مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے صوبے میں لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 15 روز بعد بند شعبوں کو کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حکمت عملی بنا رہے ہیں جبکہ میڈیکل اسٹورز اور اشیائے ضروریہ کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب میں ڈیڈ لائن سے دو روز قبل لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا ہے اور 5 اگست کو یوم استحصال کی ریلی نکالنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
گزشتہ روز حکومت پنجاب نے رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاوَن ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سیکریٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرنے جاری نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ مویشی منڈیوں سے لیے گئے اسمارٹ سیمپلز کے نتائج حوصلہ افزا آنے پر لاک ڈاون ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ، مارکیٹیں 9 نو روز کیلیے بند
سیکریٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان کے مطابق 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہاریکجہتی ریلی کی اجازت بھی ہوگی۔
پنجاب بھر میں پارک ریسٹورنٹ، ہوٹل اور سینما تاحال بند رہیں گے اور پیر تا جمعہ صبح 9 سے شام 7 بجے تک کاروبار کی اجازت ہو گی۔
اس سے قبل آل پاکستان انجمن تاجران نے پنجاب میں کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
سیکریٹری آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر نے کہا تھا کہ ہوٹل، ریسٹورنٹس، اسکولز اور تمام بند کاروبار کھولنے کی حتمی تاریخ کا اعلان کیاجائے۔ چھوٹے تاجروں کیلئےمالی امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔