ایران اور امریکا کے ایک دوسرے پر حملے رُکنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں پیر کو کاروبار کے اختتام پر ایک ہفتے سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔
برینٹ خام تیل کی قیمت 8.42 ڈالر یا 8.7 فیصد کمی کے بعد 88.36 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جو 17 جولائی کے بعد اس کی کم ترین سطح ہے۔
خام تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد ملک میں پٹرول مزید مہنگا ہونے کا خدشہ
دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی 6.70 ڈالر یا 7.5 فیصد کمی کے بعد 82.61 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مزید کم ہوتی ہے اور خطے میں امن برقرار رہتا ہے تو آئندہ دنوں میں خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ آ سکتا ہے۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے اور کسی بھی نئی پیش رفت کی صورت میں قیمتوں کا رخ دوبارہ تبدیل ہو سکتا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی
ماہرین کے مطابق عالمی معیشت، ایندھن کی طلب، اوپیک پلس کی پیداوار اور جغرافیائی سیاسی حالات آئندہ ہفتوں میں تیل کی قیمتوں کا تعین کرنے والے اہم عوامل رہیں گے، جبکہ سرمایہ کار خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
