اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عید کے فوری بعد ٹائیگر فورس ڈے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار سے ملاقات کے دوران انہیں اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹائیگر فورس کی ٹیمیں بنا کر کپتان، وائس کپتان بھی نامزد کیے جائیں گے،عثمان ڈار
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس رضا کار ملک بھر میں شجر کاری کی مہم میں حصہ لیں گے، نوجوان رضا کار مون سون پلانٹیشن کے دوران ایک کروڑ درخت بھی لگائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان بدھ کو نوجوانوں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام بھی جاری کریں گے جس میں وہ نوجوانوں سے شجر کاری مہم میں حصہ لینے کی اپیل کریں گے۔
ٹائیگر فورس رضا کاروں کی تعداد بڑھانے کےلیے دوبارہ رجسٹریشن کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اس بابت تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن آئندہ چند روز میں ایپلی کیشن کے ذریعے اوپن کر دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان تیاری کریں، وزیراعظم نئی ذمہ داریوں کو اعلان کرنے والے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹائیگر فورس سے ٹڈی دَل کے خاتمے کیلئے بھی خدمات لیے جانے کا فیصلہ
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس نے کورونا کے دوران ذمہ داریاں زبردست انداز میں نبھائیں، شاندار خدمات پر نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ملکی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے کا بھرپور موقع دینا چاہتے ہیں، نوجوان سیاسی وابستگی اور نظریات سے بالاتر ہو کر صرف ملک کا سوچیں۔