وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 فیصد سے زائد آبادی کورونا وبا سے متاثر


اسلام آباد: قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 فیصد سے زائد آبادی کورونا وبا سے متاثر ہے۔

این آئی ایچ کے سروے کے مطابق کورونا سے متاثرہ افراد کی یہ تعداد تقریباَ تین لاکھ کے قریب ہے جو کہ سرکاری اعدادو شمار سے 20 گناہ زیادہ ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 14 ہزار ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے مطابق ااسلام آباد میں کرونا سے متاثرہ افراد  کی تعداد 14 ہزار سے زائد ہے جبکہ این آئی ایچ سروے کے حساب سے یہ تعداد دو لاکھ 90 ہزار کے قریب بنتی ہے۔

این آئی ایچ کے مطابق جون کے مہینے میں اسلام آباد کے گنجان آباد علاقوں میں سروے کرایا گیا جس کے دوران 14 فیصد آبادی میں کرونا وائرس پایا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستانی اسپنر کاشف بھٹی کا انگلینڈ میں کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

سروے کے مطابق اسلام آباد کی آبادی تقریباْ 20 لاکھ سے زائد ہے۔  اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں لگ بھگ 4328 افراد میں  کورونا وائرس  کی جانچ کے لئے خون کے نمونے لیے گئے ۔ ان افراد میں سے 628 افراد میں کرونا کی علامات پائی گئیں۔ آبادی کے رینڈم سیمپلنگ کے حساب سے آبادی کے تناسب سے یہ 14 فیصد سے زائد بنتا ہے۔

این آئی ایچ سروے کے مطابق کرونا سے متاثرہ  ان افراد  کی عمر 31 سے 40 سال کے درمیان ہے۔

سروے کے مطابق اسلام آباد کا علاقہ چھتر کورونا مریضوں کے حساب سے سر فہرست ہے۔ کورونا مریضوں کے حساب سے موریاں دوسرے نمر، ترلائی تیسرے، خورد چوتھے، کُری طامیر پانچویں، کرپا چھٹے اور علی پور ساتویں نمبر پر ہے۔

این آئی ایچ سروے کے مطابق کرونا کے مریضوں میں  بخار، کھانسی، گلے میں سوزش،سر درد اور زکام کی علامات پائی گئیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے باعث صرف40 اموات ہوئی ہیں اور 2ہزار145 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

سندھ میں کورونا کےایک لاکھ 8 ہزار 913 کیسزرپورٹ ہوئے۔ پنجاب88 ہزار539، خیبرپختونخوا31 ہزار 217،بلوچستان11 ہزار322، اسلام آباد14 ہزار402، آزادکشمیرایک ہزار 771 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 750 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

پنجاب میں 2ہزار43مریض کورونا سے جاں بحق ہوئے۔ سندھ میں ایک ہزار 863، خیبرپختونخوا ایک ہزار114، اسلام آباد155، بلوچستان127، آزادکشمیر46 اورگلگت بلتستان میں38 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں