نیب کی کارروائی، سرکاری ملازم سے بھاری رقم اور سونا برآمد


کراچی: کراچی کے علاقے گارڈن میں نیب نے کارروائی کرتے ہوئے سرکاری ملازم کے گھر سے بھاری رقم، لاکھوں روپے مالیت کے پرائز بانڈز، سو تولے سونے سمیت دیگر قیمتی سامان برآمد کرلیا۔

سیکرٹری بلدیات سندھ کے دفتر سے گرفتار سرکاری ملازم رمضان سولنگی کی گارڈن میں واقع رہائش گاہ پر نیب نے چھاپہ مارا۔

سیکرٹری بلدیات کے پرسنل سیکرٹری کے گھر کی تلاشی کے دوران تین کروڑ 15 لاکھ روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔

ملزم کے گھر سے 18 لاکھ  43 ہزار روپے کے پرائز بانڈز، 100 تولے سونے کی اینٹیں، زیورات، قیمتی گھڑیاں اور دیگر اشیاء بھی برآمد ہوئیں۔

ترجمان نیب کے مطابق ملزم مختلف محکموں کے سربراہان سے لاکھوں روپے ماہانہ رشوت وصول کررہا تھا۔ ملزم بااثر شخصیت کے لیے کام کرنے والے گروہ کا حصہ ہے جو مقامی حکومت کے فنڈز کا غلط استعمال کرتے تھے۔

ملزم رمضان سولنگی کو گزشتہ روز سیکرٹری بلدیات سندھ کے دفتر سے گرفتار کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp