کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 787 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبہ بھر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 16 ہزار377 ہوگئی ہے جبکہ کراچی میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 12 سے تجاوز کر گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مزید پانچ افراد جاں بحق جبکہ 631 متاثر ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے باعث 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 277 تک پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہزار 151 ہو گئی ہے۔
ہم نیوز نے تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے سبب 873 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ 11 ہزار 341 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 188 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 14 ہزار 878 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر تین لاکھ 59 ہزار 264 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
