مری: مری کے علاقے گلیات میں برفانی تودے کی زد میں آکر چار گاڑیاں کھائی میں گر گئیں، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 52 سے زائد زخمی ہوئے۔ ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متعدد افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں جن کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن میں پاک آرمی کے جوان، ریسکیو 1122 کا عملہ اور مقامی حصہ لے رہے ہیں۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق نو افراد بشمول 2 خواتین برف کے تودے تلے دبے ہوئے ہیں، جن کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق زخمی افراد کو ریسکیو کرکے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گلیات میں اندھیرا زیادہ ہونے کے باعث امدادی ٹیموں کو ریسکیو اپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی سے اسکردو جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ لاشوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بس حادثہ: 33 ہلاک 6 زخمی
اسسٹنٹ کمشنر اسکردو کے مطابق مرنے والوں میں تین بچے بھی شامل تھے جبکہ اب تک پندرہ افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ زخمیوں اور لاشوں کو ریسکیو کرنے کے لیے پاک فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
حادثے کا شکار ہونے والی کوسٹر گزشتہ روز راولپنڈی سے اسکردو روانہ ہوئی تھی کہ روندو کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔
ناقص سڑکوں، تیز رفتاری اور خراب ڈرائیونگ کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات پیش آتے رہتے ہیں جن میں سینکڑوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد سے باغ جانے والی مسافر گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں نوافراد جاں بحق ہوگئے تھے۔