لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس رپورٹ ہونے سے قبل ہی پنجاب میں ضروری اقدامات کر لیے گئے تھے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا وائرس سے متعلق کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مؤثر احتیاطی اقدامات کیے ہوئے ہیں اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ میں قائم کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کی سہولت ہمارے پاس موجود ہے جبکہ محکمہ صحت اور متعلقہ محکمے بھی ہمہ وقت چوکس ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کورونا وائرس کا کوئی بھی مریض پنجاب میں نہیں ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاہم پنجاب میں صورتحال نارمل ہے اور 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔
کورونا وائرس سے متعلق پنجاب حکومت کی کوششیں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی روزانہ اجلاس کر کے صورتحال کا جائزہ لیتی ہے اور ضروری اقدامات کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں 100 سے زائد ممالک کورونا وائرس کی گرفت میں، ہلاکتوں کی تعداد 3500 سے بڑھ گئی
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہونے سے کئی روز قبل ہی پنجاب حکومت نے احتیاطی اقدامات کا آغاز کر دیا تھا جبکہ کورونا وائرس سے متعلقہ ضروری سازوسامان خریدنے کے لیے 23 کروڑ روپے فراہم کیے گئے اور ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا۔