لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ سیاست میں کوئی حرف آخر نہیں اور مقابلہ اسی سے بنتا ہے جو تندرست و توانا ہو۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علیم خان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں بیمار شخص پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے اور میری اطلاع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف شدید بیمار تھے اور اگر وہ بیمار ہیں بھی تو اللہ ان کو صحت دے۔
انہوں ںے کہا کہ میں نے نواز شریف کا 10 سال تک لاہور میں مقابلہ کیا ہے اور مقابلہ تب ہی ہوتا ہے جب اگلا امیدوار مضبوط ہو۔ ہمارے بہت سارے دوست اپنی رائے دے رہے ہیں اور وہ اپنی رائے دینے میں آزاد ہیں سیاست تو ساری عمر چلتی رہے گی۔
علیم خان نے کہا کہ سیاست میں کوئی حرف آخر نہیں ہے اور مقابلہ اسی سے بنتا ہے جو تندرست و توانا ہو۔ میں بڑی ایمانداری سے بتا دوں میرے لیے چوہدری برادران بہت محترم ہیں اور چوہدری شجاعت سے زیادہ نیک آدمی اور بڑے دل کا آدمی نہیں مل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر آصف علی زرداری بیمار ہیں اور وہ علاج کرانے کے لیے باہر جانا چاہتے ہیں تو میری ذاتی رائے میں وہ بھی جا سکتے ہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف بھی شدید بیمار تھے اور بعد میں بھی ان کی رپورٹس آتی رہیں جس کے مطابق وہ بیمار تھے۔
یہ بھی پڑھیں احتجاجی تحریک کامیاب رہی، نتائج چند روز میں سامنے آئیں گے، عبدالغفور حیدری
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان میرے گھر کئی بار آ چکے ہیں اور وہ 30 اکتوبر کے جلسے سے پہلے بھی آئے تھے۔ عمران خان نے جب وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے عثمان بزدار کا نام دیا تھا اس وقت بھی ہم ان کے ساتھ تھے اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے جو بھی ذمہ داریاں دی گئیں انہیں بہتر طریقے سے نبھایا اور آئندہ بھی جو ذمہ داری دی جائے گی اسے نبھائیں گے۔