قلندرز نے ایونٹ کی ٹاپ ٹیم کو 114 رنز تک محدود کر دیا


دبئی: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے 20 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 115 رنز کا ہدف دیا ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.4 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

میچ کے آغاز میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پی ایس ایل کی ٹاپ ٹیم ملتان سلطانز کے بلے باز آغاز سے ہی قلندر بالرز کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔ شاہین آفریدی کی تباہ کن بالنگ نے سلطانز کو بڑا اسکور بنانے سے روکے رکھا۔

سلطان اوپنر احمد شہزاد اور کمار سنگارا میدان میں آئے اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 61 رنز بنائے۔

پہلی وکٹ کمار سنگاکارا کی گری۔ اوپنر بلے باز نصف سنچری سے چند قدم کے فاصلے پر ہمت ہار گئے۔ سنگا کارا 45 رنز کے انفرادی اسکور پر سنیل نارائن کی گیند پر اینٹن ڈیوسیچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی احمد شہزاد تھے۔ احمد 92 کے مجموعی اسکور پر 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

صہیب مقصود آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جو مجموعے میں پانچ رنز کے اضافے کے بعد میدان سے چلتے دکھائی دیے۔ انہوں نے 18 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 16 رنز بنائے۔

کپتان شعیب ملک بھی ساتھیوں کی دیکھا دیکھی صرف تین رنز اپنے کھاتے میں لکھوا کر میدان سے باہر چلے گئے۔ انہیں شاہین آفریدی کی گیند پر سہیل اختر نے کیچ کیا۔

سلطانز کے دیگر کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے۔

لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 3.4 اوورز میں چار رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں