کراچی کنگز،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بڑا ہدف دینے میں ناکام


دبئی: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 150رنز کا ہدف دیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر149 رنز بنائے۔

میچ کے آغاز میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کنگز کو پہلا جھٹکا 34 کے مجموعی اسکور پر لگا جو ڈینلے 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے۔ بابر دس رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

83 کے مجموعی اسکور پر خرم منظور 33 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

تیسرے کھلاڑی کے آؤٹ ہونے کے بعد کولن انگرام نے روی بوپارا کے ساتھ مل کر کھیل کو محتاط انداز میں آگے بڑھایا۔ 131 کے مجموعی اسکور پر کولن انگرام، جوفرا آرچرکی گیند پر راحت علی کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

انگرام نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 21 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 41 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے۔

شاہد آفریدی روی بوپارا کا ساتھ دینے کو میدان میں آئے لیکن دونوں کھلاڑیوں میں شراکت داری قائم نہ ہو سکی۔ بوپارا 132 کے مجموعی اسکورپر انور علی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

عماد وسیم میدان میں آئے تو مجموعی اسکور میں چھ رنز کا اضافہ کر کے چلتے بنے۔ کنگز کپتان جوفرا آرچر کی ہی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

عماد وسیم آؤٹ ہوئے تو شاہد آفریدی بھی  “تو چل میں آیا ” کے مصداق پویلین لوٹ گئے۔ آفریدی نے آٹھ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف چار رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔


متعلقہ خبریں