پی سی بی نے نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کا اعلان کر دیا


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے  دلچسپ اور سنسنی خیز ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر 2019-20  کا اعلان کر دیا۔

اس حوالے سے منعقد کی گئی تقریب رونمائی میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید  نے شرکت کی۔

نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کے خدوخال پر نظر دوڑائیں تو اس میں سابق کرکٹرز کے لیے کوچنگ اور منیجمنٹ کے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترکارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی مراعات میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے لائے گئے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر میں 16 ریجنز کو 6 ایسوسی ایشنز میں ضم کردیا گیا ہے جبکہ اسے مزید  3 مختلف درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے درجے میں 90 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز اسکول اور کلب کرکٹ مقابلوں کا انعقاد کریں گی، دوسرے درجے میں سٹی کرکٹ ٹیمیں انٹرا سٹی مقابلوں میں شرکت کریں گی جبکہ تیسرے درجے میں 6 ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں پی سی بی کے زیراہتمام ٹورنامنٹس میں شرکت کریں گی۔

نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں ہر کرکٹ ایسوسی ایشن 32 کھلاڑیوں کو سالانہ کنٹریکٹ دے گی، یہ کھلاڑی پی سی بی کے سنٹرل کنٹریکٹ کاحصہ نہیں ہوں گے اور ہر کھلاڑی کو ماہانہ 50 ہزار روپے معاوضہ ملے گا۔

اس کے علاوہ ایسوسی ایشن 32 کھلاڑیوں کے علاوہ بھی کسی کھلاڑی کو فی میچ معاوضہ دے کر میچ میں شامل کرسکتی ہے۔

قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس میچز 14 ستمبر سے 8 اکتوبر اور 28 اکتوبر سے 13 دسمبر تک جاری رہیں گے جبکہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ یکم اکتوبر سے 12 نومبر تک جاری رہے گا۔

مزید برآں قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کے میچز 14 ستمبر سے 10 اکتوبر اور 28 اکتوبر سے 29 نومبر تک ہوں گے جبکہ قومی ٹی ٹونٹی کپ 13 سے 24 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔

پاکستان کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ کے میچز 29 مار چ سے 24 اپریل 2020 تک جاری رہیں گے، ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کپ میں فرسٹ الیون اور سیکنڈ الیون کے میچز بیک وقت شروع ہوں گے۔

ڈومیسٹک سیزن 2019-20 کے تمام ٹورنامنٹس میں کوکابورا کی گیند کا استعمال کیا جائے گا۔

اس ضمن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ کرکٹ کے معیار میں بہتری لانا پی سی بی کی اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے نفاذ سے قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل آئے گا، اس کی تیاری میں پی سی بی صوبائی ایسوسی ایشنزکی مکمل معاونت کرے گا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت پر یقین رکھتا ہے، یہ اسٹرکچر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے پاکستان کو بہترین ٹیم کے انتخاب میں مدد دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 450 کھلاڑی، کوچز اور دیگر اسٹاف ممبران اس ڈومیسٹک اسٹرکچر میں شرکت کریں گے۔


متعلقہ خبریں