پاکستانی موسیقی کے مقبول ترین گانوں میں شمار ہونے والے کوک اسٹوڈیو کے گانے ’پسوری‘ نے یوٹیوب پرایک ارب ویوز کا سنگ میل عبورکرلیا۔
کوک اسٹوڈیو کے آفیشل پیج نےانسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ’پسوری‘ کے ایک ارب ویوز مکمل ہونے کی تصدیق کی۔
کوک اسٹوڈیو نے گانے کو ایک ارب ویوز تک پہنچانے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مداحوں نے گانے کو سنا، اس کے ساتھ گایا اور اسے اپنا بنایا۔
اس موقع پر کوک اسٹوڈیو نے ایک ریل بھی شیئر کی، جس میں گانے کے گلوکار علی سیٹھی اور شے گل کے ساتھ پروڈیوسرز ذوالفقار ’زلفی‘ خان اورعبداللہ صدیقی بھی موجود تھے۔
View this post on Instagram
کوک اسٹوڈیو نے ان تمام مداحوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ’پسوری‘ کو ایک ارب ویوز کے سنگ میل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ ’پسوری‘ کو 7 فروری 2022 کو ریلیز کیا گیا تھا اور تقریباً 4 سال اور 7 ماہ سے بھی کم عرصے میں گانے کی ویڈیو نے یوٹیوب پر ایک ارب ویوز مکمل کرلیے۔
View this post on Instagram
یہ کامیابی ’پسوری‘ کے لیے ایک اور بڑے ریکارڈ کا اضافہ ہے، کیونکہ گانا ریلیز ہونے کے بعد سے متعدد اہم اعزازات اپنے نام کرچکا ہے۔
اسپاٹی فائی پر بھی ’پسوری‘ کا راج
’پسوری‘ اپنی ریلیز کے سال اسپاٹی فائی پر سب سے زیادہ اسٹریم کیا جانے والا پاکستانی گانا بھی رہا۔
علی سیٹھی اور شے گل کا یہ گانا اب بھی اسپاٹی فائی پر دونوں گلوکاروں کا سب سے زیادہ اسٹریم کیا جانے والا ٹریک ہے۔گانے کو اسپاٹی فائی پر تقریباً 405 ملین مرتبہ اسٹریم کیا جا چکا ہے۔
’پسوری‘ کی مقبولیت صرف پاکستان تک محدود نہیں رہی بلکہ گانے نے بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی توجہ حاصل کی۔
گانے کی مقبولیت کے بعد پاکستان، بھارت اور دیگر مقامات پر ’پسوری‘ کے متعدد کورز بھی سامنے آئے۔
’مس مارول‘ کے ساؤنڈ ٹریک میں بھی شامل ہوا گانا
’پسوری‘ کو بعد ازاں ڈزنی کی سیریز ’مس مارول‘ کے ساؤنڈ ٹریک میں بھی شامل کیا گیا۔’مس مارول‘ کی مرکزی کردار ایک پاکستانی نژاد امریکی لڑکی ہے۔
یوں ’پسوری‘ کی مقبولیت پاکستان سے باہر بھی پھیلی اور گانے کو بین الاقوامی سطح پر مزید سامعین تک رسائی حاصل ہوئی۔
بالی ووڈ میں بھی ’پسوری‘ کی گونج
’پسوری‘ نے بالی ووڈ کی بھی توجہ حاصل کی جہاں معروف بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ نے گانے کا اپنا ورژن پیش کیا۔اریجیت سنگھ کی جانب سے ’پسوری‘ کا نیا ورژن پیش کیے جانے پر مداحوں کی جانب سے ردعمل بھی سامنے آیا۔
کچھ مداحوں نے بھارتی فلم انڈسٹری پر ’پسوری‘ کو اپنے نام کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا۔



