لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے دورے پر موجود قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور رویے سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد انکوائری شروع کردی۔
پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر عامر میر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ بورڈ نے ڈسپلن اور کنڈکٹ سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد داخلی تادیبی تحقیقات شروع کی ہیں جن کا اس وقت اندرونی طور پر جائزہ لیا جارہا ہے۔
عامر میر کے مطابق پی سی بی ایسے معاملات کو اپنے معمول کے طریقہ کار کے مطابق دیکھتا ہے اور تحقیقات بورڈ کے ضوابط کے تحت کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران تمام متعلقہ افراد کو مناسب طور پر زیر غور لایا جارہا ہے۔
The Pakistan Cricket Board has initiated an internal disciplinary inquiry following media reports concerning discipline and conduct, which are currently being reviewed internally. The PCB handles such matters in accordance with its standard procedures. The process is being…
— Amir Mir (@AmirMirpcb) September 7, 2026
یہ پیش رفت پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ قومی ٹیم اس وقت برمنگھم میں موجود ہے جہاں اسے انگلینڈ کے خلاف سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے کھیلنا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست ہوئی تھی، جس کے بعد انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی۔
دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی اسکواڈ میں 7 کھلاڑیوں کو تبدیل کردیا تھا۔ اس کے علاوہ پی سی بی نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کردیا تھا۔ دونوں کوچز نے ٹیم کے ساتھ صرف 6 میچز میں کام کیا تھا۔
پی سی بی نے اس کے بعد وائٹ بال ٹیم کے کوچز مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو عبوری طور پر قومی ٹیم کی ذمہ داریاں سونپ دیں۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے بھی اس سے قبل ٹیم کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے ممکنہ تحقیقات کا عندیہ دیا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجوہات جاننے کے لیے بات چیت کی گئی ہے اور ان میں کارکردگی کے علاوہ دیگر عوامل بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ ان معاملات کی تہہ تک پہنچا جائے گا۔




