اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقوں دیر، سوات، چترال، کوہستان اور بٹگرام میں شام اور رات کے اوقات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
اعلامیے کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ بوندا باندی کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم پنجاب، پٹن اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش سرگودھا میں 35 ملی میٹر جبکہ لاہور میں 20 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 43 اور دادو میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔



