لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے انعقاد کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، آئندہ سال جنوری میں لیگ کرانے کی تجویز زیرغور ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل فرنچائزز کے مالکان کے درمیان لیگ کے ممکنہ شیڈول پر مشاورت جاری ہے۔ لندن میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں بھی آئندہ سیزن کے شیڈول سمیت مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوری میں لیگ کرانے کی صورت میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی ایک اہم چیلنج بن سکتی ہے، کیونکہ اس عرصے میں مختلف ممالک کی بین الاقوامی سیریز اور دیگر ٹی ٹوئنٹی لیگز جاری ہوتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں جنوری اور فروری کے دوران شدید سردی اور دھند بھی پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد میں مشکلات پیدا کرسکتی ہے، جس کے باعث موسم اور سفری حالات کو بھی شیڈولنگ میں مدنظر رکھا جائے گا۔
دوسری جانب پی ایس ایل کے موجودہ سیزن کے علاوہ سال کے وسط میں ایک اضافی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز بھی زیرغور ہے، جس کا مقصد فرنچائزز اور براڈکاسٹرز کے لیے آمدن کے اضافی مواقع پیدا کرنا ہے۔
پی ایس ایل 12 کی حتمی تاریخوں اور مکمل شیڈول کا فیصلہ پی سی بی، فرنچائزز اور دیگر متعلقہ فریقین کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ فی الحال جنوری 2027 میں ایونٹ کرانے کی تجویز حتمی فیصلہ نہیں ہے۔
قومی ٹیم اکتوبر اور نومبر میں سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی، جس کے بعد مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز شیڈول ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف یہ سیریز موجودہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دور میں پاکستان کی آخری ٹیسٹ مہم بھی ہوگی، جس کے باعث نومبر کے وسط سے مارچ تک دستیاب عرصے کو پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے استعمال کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے ابتدائی 9 ایڈیشنز فروری اور مارچ میں منعقد ہوتے رہے، تاہم بین الاقوامی کرکٹ کے مصروف شیڈول کے باعث گزشتہ 2 سیزنز میں لیگ کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی تھی۔
2025 میں عالمی کرکٹ کونسل کی چیمپئنز ٹرافی اور رواں سال ٹی 20 عالمی کپ کے باعث پی ایس ایل کو اپریل اور مئی کی مدت میں منتقل کیا گیا، جس کے نتیجے میں لیگ کا انعقاد بھارتی پریمیئر لیگ کے ساتھ ایک ہی عرصے میں ہوا۔



