لاہور: پاکستان سپر لیگ فائیو بھی پاکستان میں کھیلا جائے گا جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز مالکان اور چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان لاہور میں ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق فرنچائز مالکان نے چیئرمین پی سی بی کو لیگ فائیو کے پاکستان میں انعقاد پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تاہم پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے لیے بورڈ اور فرنچائز مالکان کے درمیان مل کر کام کر نے پر اتفاق ہو گیا۔
بورڈ حکام اور فرنچائز نمائندے مل کر غیر ملکی کھلاڑیوں کے تحفظات دور کرنے کی کوششیں کریں گے اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے لیے بورڈ حکام ان کے ایجنٹس کو بریفنگ دیں گے، پی سی بی حکام کے ساتھ ساتھ فرنچائز نمائندے بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کو سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل گورننگ کونسل اجلاس کی تاریخ کا اعلان جلد کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے جس میں لیگ کے شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی اور پی ایس ایل فنانشل ماڈل پر بھی غور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں کیا پی ایس ایل سیزن فائیو کے میچز پشاور میں ہونگے؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ فائیو کی افتتاحی تقریب کراچی کے سپرد کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے اور لیگ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ لاہور اور کراچی کے بعد اب راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کرانے پر اتفاق ہو گیا۔