کراچی میں پولیس نے انوکھے انداز میں اے ٹی ایم مشینوں سے رقم لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ملزم سلندڑدھماکے کےذریعے اے ٹی ایم توڑ کر پیسے لوٹنے کی کوشش کررہے تھے۔
کراچی پولیس نے بینک لوٹنے والے گروہ کے تین کارندوں کو سائٹ ایریا کے علاقے سے گرفتار کیا ہے ۔
ایس ایس پی شرقی شوکت کٹھیان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ملزمان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے ہیں۔ گرفتار ملزمان میں محمد زوہیب، وقار عالم عرف وکی اور شان عرف کاکا شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے 3پستول ، گیس سلنڈر،پولیس کیپ،بیٹری ، دھماکہ خیز ڈیوائس اور اوزار برآمد ہوئے۔ ملزمان اے ٹی ایم مشین توڑنے کی غرض سے آئے تھے۔
ملزمان نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ انہوں نے گیس سلنڈر اور ڈیوائس سے بلاسٹ کر کے3 اے ٹی ایم مشینیں توڑ کر کیش لوٹنا تھا۔
ایس ایس پی شرقی شوکت کھٹیان کے مطابق اے ٹی ایم مشین سے رقم لوٹنے کی اس طرح کی وارداتیں یورپ میں ہوچکی ہیں۔یورپ میں یونے والی واردات کی ویڈیو دیکھ کر ملزمان اسی طرح واردات کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
ایس ایس پی شرقی کے مطابق پاکستان میں اس قسم کی واردات پہلے کبھی نہیں ہوئی۔سلنڈر میں مخصوص قسم کی گیس ہوتی ہے جس سے آگ تو نہیں لگتی لیکن اے ٹی ایم مشین کو توڑ کر رقم نکالی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:اسلام آباد: انوکھے انداز میں چوری کرنے والا افغان گروہ گرفتار
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم وقار عالم سافٹ وئیر انجینئر ہےگرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہےجبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔