معروف صنعتکار میاں منشا نیب میں پیش

معروف صنعتکار میاں منشا نیب کے سامنے پیش

فوٹو: فائل


لاہور: معروف صنعت کار میاں منشا قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہو گئے تاہم ان کے بیٹے پیش نہیں ہوئے۔

ذرائع کے مطابق میاں منشا 45 منٹ تک نیب آفس میں رہے جب کہ انہوں نے نیب کے تفتیشی افسروں کو طلب کی گئیں دستاویزات جمع کرائیں۔ جن میں لندن میں ہوٹل خریدنے کے لیے پاکستان سے رقم منتقل کرنے کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔ نیب نے ریکارڈ موصول ہونے کے بعد میاں منشا کو جانے کی اجازت دی۔

نی ذرائع کے مطابق ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد میاں منشا کو مزید تحقیقات کے لیے طلب کیا جائے گا۔

نیب کی جانب سے میاں منشا کے دو بیٹوں عمر منشا اور حسن منشا کو بھی طلب کیا گیا تھا تاہم وہ دونوں نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

نیب نے منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کے لیے ملزمان کو طلب کیا تھا اور ملزمان کی طلبی کے نوٹس 28 مین گلبرگ لاہور کے پتہ پر پہنچائے گئے تھے۔ ملزمان کو بھیجے گئے نوٹس اُن کے ملازمین نے وصول کیے تھے۔

ذرائع کے مطابق میاں منشاء پر الزام ہے کہ انہوں نے لاکھوں پاؤنڈ سے برطانیہ میں سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب خریدا اور یہ رقم غیر قانونی طور پر پاکستان سے برطانیہ منتقل کی گئی۔

نیب نے بھیجے گئے اپنے مراسلہ میں لکھا تھا کہ میاں منشا اور ان کے بیٹے سینٹ جیمز اینڈ کلب کے مالکانہ دستاویزات اور مکمل منی ٹریل کے ساتھ اپنے ہمراہ لائیں۔

واضح رہے کہ نیب میاں منشا اور ان کے بیٹوں کو اس سے قبل بھی 2 مرتبہ طلب کر چکا ہے لیکن میاں منشا اور ان کے بیٹے ایک مرتبہ بھی نیب میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ سال جون میں ملک کے ممتاز صنعتکار میاں محمد منشا کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں نیب کا میاں منشا کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز

چیئرمین پاکستان ورکرز پارٹی فاروق سلہریا کی درخواست  پر پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت میاں محمد منشا کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔

نیب نے مسلم کمرشل بینک (ایم سی بی) کے نجکاری کرپشن کیس میں بھی میاں منشا کو طلب کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نیب کی رپورٹ میں میاں منشا پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایم سی بی کو بینک کی رقم سے ہی خریدا تھا جب کہ نجکاری کے حوالے سے بھی وہ کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دے سکے۔

واضح رہے کہ مسلم کمرشل بینک اور نشاط گروپ سمیت متعدد صنعتی اداروں کے مالک میاں محمد منشا پاکستان کی بڑی کاروباری اور دولت مند شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں