اسلام آباد: وزیراعظم اور برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ جس کے دوران عمران خان نے برطانوی ہم منصب کو پلواما واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے آگاہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے بھارتی پائلٹ کو چھوڑنے کے وزیراعظم کے فیصلے کو سراہا جسے عالمی سطح پر بھی بے انتہا پذیرائی ملی۔
گفتگو کے دوران برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کشیدگی کے خاتمے کے لئے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کشیدگی کم کرانے کے لئے دونوں ممالک سے رابطے میں تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی برطانوی ہم منصب کو دورے کی دعوت دی جبکہ برطانوی وزیراعظم بھی نے بھی پاکستانی وزیراعظم کو دورہ برطانیہ کی دعوت دی۔
پاک بھارت کشیدگی
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پلوامے حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے۔
بھارت کی جانب سے کچھ روز قبل پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی اور پاک سرزمین پر چار بم گرائے گئے۔
مزید پڑھیں: بالاکوٹ حملہ کا ثبوت مانگنا فوجی مورال ڈاؤن کرنے کے مترادف ہے، مودی
اس کے بعد پاک فضائیہ نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جن میں سے ایک آزاد جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔ پاکستانی فوج کی جانب سے ایک بھارتی پائلٹ کو بھی حراست میں لیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس کے دوران جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا۔
جمعے کے روز بھارتی پائلٹ کو بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا تاہم پھر بھی مودی کا جنگی جنون ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا اور بھارت کی جانب سے مزید دھمکیوں کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔