طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 25 جنوری کو ہو گا


قطر: دوحہ میں افغان طالبان اور امریکہ کے درمیاں مذاکرات کا اگلا دور 25 فروری 2019 کو ہوگا۔

ہم نیوز نے عالمی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ فی الحال مذاکرات کے آئندہ راؤنڈ کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی نے قطری وزارت خارجہ کے ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ دونوں فریقین کو 25 فروری کے دن دوبارہ ملاقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور رضامند بھی ہیں۔

امریکہ اورطالبان کے درمیان گزشتہ روز قطرکے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں دنیا کی ’واحد سپرپاور‘ نے افغانستان سے آئندہ 18 ماہ میں نکل جانے کا عندیہ دیا تھا۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق مذاکرات کے چھٹے دن ہونے والی بات چیت میں امریکی حکام نے افغانستان نے اپنی افواج کے انخلا پر آمادگی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی زور دیا کہ طالبان بھی جنگ بندی کریں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ اورافغان طالبان کے درمیان نہ صرف ابتدائی معاہدہ طے پا گیا بلکہ ڈرافٹ بھی تیارکرلیا گیا۔ تیار ڈرافٹ کے تحت امریکہ اورنیٹو فورسز آئندہ 18 ماہ میں افغانستان سے نکل جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے ’ثالثی‘ کردار سے افغان طالبا ن اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ طے پایا۔ اس طرح 17 سالہ طویل جنگ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوگئی۔

امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد ابتدائی بات چیت کے بعد دوحہ سے روانہ ہو کرکابل پہنچے جہاں وہ افغان صدر اشرف غنی سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو اعتماد میں لیں گے۔

افغان طالبان نے افغان حکومت سے مذاکرات کرنے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ قطر میں ہونے والے مذاکرات پر افغان صدر اشرف غنی نے اپنی ناراضگی کا بھی اظہار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں