وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جینیوا میں امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کی تاریک رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہو گیا ہے، امریکا اور ایران نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائی کے مستقل خاتمے کا اعلان کر دیا ہے، فریقین نے مشکلات حالات میں صبر، تحمل اور دانشمندی کا دامن نہیں چھوڑا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جن کی رہنمائی مجھے ہر وقت میسر ہے، صدر آصف زرداری اوربلاول بھٹو اور تمام پارٹی کے سربراہان کو مبارکباد دیتا ہوں، یہ صرف دو ممالک کے درمیان معاہدہ نہیں بلکہ یہ امن اور مکالمے کی فتح اورسفارتکاری کی کامیابی ہے۔
امریکا اور ایران میں معاہدہ طے پا گیا ، باضابطہ دستخط 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوں گے ، شہباز شریف
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس معزز ایوان کے حوالے سے امریکا کے صدر ٹرمپ ، ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای، ایرانی صدر اور امن عمل میں شریک دونوں ٹیمز کے تمام ممبران کو مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نازک، کٹھن اور صبرآزما عمل میں قطر کے امیر ، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیے کے صدر کی دوراندیش قیادت اور بھرپور تعاون کا بھی شکر گزارہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکراتی عمل کی کامیابی پر عظیم دوست صدرشی جن پنگ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، چین کے صدر نے امن معاہدے کیلئے مذاکرات کو آگے بڑھانے میں تعاون کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ عظیم لمحہ وطن عزیز کے ہر شہری کیلئے باعثِ فخر اور یادگار ہے، آج دنیا نے دیکھا کہ امن کی اس کاوش کو عظیم فتح نصیب ہوئی۔
شہباز شریف اور ترک صدر کا ٹیلیفونک رابطہ، تجارت و خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ذکر کیے بغیر میری تقریر ادھوری رہے گی، فیلڈ مارشل نے جنگ کے شعلے ماند کرنے اور امن کیلئے دن رات کاوشیں کیں، میں گواہ ہوں کہ اس عظیم سپوت نے ہمت نہیں ہاری، اگر خلوص اور دانشمندی کا یہ سفر جاری نہ رہتا تو شاید امن کا خواب بکھر جاتا، مجھ سمیت پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے بھی مشکل صورتحال میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا، یقین دلاتا ہوں کہ اس امن معاہدے کے نتیجے میں عالمی معاشی استحکام آئے گا، ہر بندے کی دہلیز تک ریلیف پہنچائیں گے۔
