نوازشریف کی جیل میں طبعیت پھر ناساز

فائل: فوٹو


لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی کوٹ لکھپت جیل میں طبعیت ایک بارپھر خراب ہوگئی ہے، مریم نواز کے مطابق ڈاکٹر کو نوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے لکھا کہ نوازشریف کے بازو میں دن بھردرد رہا۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ یہ انجائنا کا درد بھی ہوسکتا ہے۔


مریم نوازکے مطابق نواز شریف کے ذاتی معالج  سارا دن ان سے ملاقات کی کوشش کرتے رہے لیکن ڈاکٹر کو نوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

سابق وزیراعظم نوازشریف 24 دسمبرکو احتساب عدالت کی جانب سے فیصلے کے بعد جیل میں قید ہیں۔

 العزیزیہ ریفرنس

عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں انہیں سات برس قید، ایک ارب 50 کروڑ روپے جرمانہ اور جائیداد کی ضبطگی کا فیصلہ سنایا گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے 28 جولائی 2017 کو پانامہ کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس کی روشنی میں نیب نے ایون فیلڈ، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے۔

واضح رہے ایون فیلڈ اورالعزیزیہ اسٹیل ملز میں نوازشریف کو سزا ہوئی ہے جبکہ فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس میں انہیں عدالت کی جانب سے بری کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں