ٹورنٹو: معروف بالی ووڈ اداکار قادر خان طویل علالت کے بعد کینیڈا میں انتقال کر گئے۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لیجنڈ اداکار قادر خان 17 ہفتوں سے زیر علاج تھے اور اُن کی عمر 81 برس تھی۔ بالی ووڈ اداکار کی آخری رسومات کینیڈا میں ہی ادا کی جائیں گی۔
قادر خان کے بیٹے سرفراز نے اُن کے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت محبت کرنے والے انسان تھے اور گزشتہ چند ماہ بیمار تھے۔ اُن کے علاج کے لیے تمام تر کوششیں کی گئیں لیکن وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔
قادر خان کو سانس لینے میں دشواری کے باعث ٹورنٹو کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جب کہ طبیعت زیادہ بگڑنے کے بعد انہیں وینٹیلیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ روز قادر خان کی موت کی افواہ پھیل گئی تھی تاہم اُن کے بیٹے سرفراز نے والد کی موت کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں اور پہلے سے بہتر ہیں۔
بالی ووڈ اداکار قادر خان گزشتہ کئی برس سے اپنے بیٹے کے ساتھ کینیڈا میں ہی رہائش پذیر تھے اور شدید علالت کے باعث انہوں نے بات چیت کرنا بند کر دی تھی۔
قادر خان نے اپنے 43 سالہ بالی ووڈ کیریئر میں تین سو فلموں میں کام کیا اور 250 فلموں میں مکالمے بھی لکھے ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ ساتھ منفی کردار بھی بخوبی ادا کیے تھے۔