اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے علاقے بلیو ایریا میں فیاض نامی ایک شخص قومی پرچم تھامے موبائل ٹاور پر چڑھ گیا اور مطالبہ کیا کہ اسے وزیراعظم یا صدر بنایا جائے۔
ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی آواز نکالنے والے اداکار شفاعت علی سے بات کرا کے اس شخص کو نیچے اتارا گیا اور گرفتار کر کے تھانہ آبپارہ منتقل کر دیا گیا۔
وزیراعظم بننے کا جنون لیے موبائل ٹاور پر چڑھنے والے شخص کا تعلق بھلوال سے ہے اور اس کی شناخت فیاض کے نام سے ہوئی ہے۔
ٹاور سے کود جانے کی دھمکی کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ پولیس افسران نے بارہا بہلانے اور سمجھانے کی کوشش کی مگر فیاض نہ مانا اور ٹاور پر بیٹھا سگریٹ کے کش لگاتا رہا۔
فیاض کے مطالبات معلوم کرنے کے لیے پولیس نے اس تک موبائل فون پہنچایا تو اس کی آرزوؤں کا علم ہوا۔
فیاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یا صدر بن کر وہ قرضے اتار کر ملک کی معیشت کو سنوار دے گا۔
اطلاعات کے مطابق معاملہ بگڑتا دیکھ کر وفاقی پولیس نے فیاض کی بات ڈی پی او سرگودھا اور ایس ایچ او بھلوال سے کرائی مگر وہ بھی اس کو منا نہ پائے۔
ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے شفاعت علی نے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی جو فیاض کو فوراً بھا گئی اور وہ اسے وزیراعظم عمران خان کا وعدہ سمجھ کر نیچے اتر آیا اور پولیس کے ہتھے چڑھ گیا جنہوں نے اسے گرفتار کر کے تھانہ آبپارہ منتقل کردیا۔