لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چھٹی ٹیم خرید لی۔
پی ایس ایل کی سابقہ ملتان سلطانز ٹیم کے لیے آج لاہور میں بولی لگائی گئی تھی، جسے علی ترین نے جیت لیا۔
پاکستان سپر لیگ کی جانب سے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اعلان کرتے ہوئے نئی ٹیم کا نام بھی بتایا گیا، ٹویٹر پیغام میں کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا تھا کہ ملتان کنسورٹیم کے مالکانہ حقوق علی ترین کو دے دیے گئے ہیں۔
Breaking: The Multan Consortium led by Ali Tareen has won the franchise rights for the sixth team, by exceeding the reserve price.#HBLPSL pic.twitter.com/2ilyngfJBI
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) December 20, 2018
پی ایس ایل حکام کے مطابق علی ترین کو سات سال کے لیے فرنچائز کے مالکانہ حقوق منتقل کیے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فرنچائز کی قیمت 5.21 ملین ڈالر مقرر کی گئی تھی۔
چھٹی ٹیم ملتان کے نام سے ہی میدان میں اترے گی، علی ترین
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملتان کنسورٹیم کے مالک علی ترین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں ایک بار پھر پنجاب کی ٹیموں کی جوڑی کھیلے گی، ہم پنجاب کے پر کونے سے ٹیلنٹ سامنے لائیں گے۔
علی ترین کا کہنا تھا کہ چھٹی ٹیم ملتان کے نام سے ہی میدان میں اترے گی، ہم پنجاب کے کھلاڑیوں کو پھر سے قومی ٹیم تک لائیں گے۔
چیئرمین کرکٹ بورڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو خدمات احسان مانی نے آئی سی سی میں دیں توقع ہے پی سی بی میں بھی اسی طرح کی خدمات دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے دو ٹورنامنٹ ہونے چاہئے، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی کھیلنے کا موقع ملے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا پی ایس ایل بھی کرانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز سے فرنچائز کی رقم ادا نہ کرنے کے بعد معاہدہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد ملتان سلطانزکے مالکانہ حقوق پی سی بی کے نام منتقل ہو گئے تھے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ’’ سکستھ ٹیم ‘‘ کی فروخت کے لیے نیا ٹینڈرجاری کرے گا، نئے اونرز ٹیم کے شہر کا انتخاب اور اس کا نام رکھنےکے لیے آزاد ہوں گے۔
ملتان سلطانز
پی ایس ایل کے پہلے دو ایڈیشنز میں پانچ ٹیموں نے حصہ لیا تھا جن میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمے، کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور اسلام آباد یونائیٹڈ شامل ہیں تاہم رواں سال کے آغاز میں کھیلے گئے تیسرے ایڈیشن ملتان سلطانز کو بطور چھٹی ٹیم شامل کیا گیا جسے شان گروپ نے 52 لاکھ ڈالرز یعنی 54 کروڑ 51 لاکھ 42 ہزار روپے میں خریدا تھا۔
پی ایس ایل فور
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز آئندہ سال 14 فروری کو دبئی میں ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے میگا ٹورنامنٹ کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔
شیڈول کے مطابق آٹھ میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، سیزن فور کے تین میچز لاہور جبکہ پانچ میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔