لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف پاکستان کی درخواست خارج کر دی، پاکستان نے دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر ازالے کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔
ہم نیوز کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی مصالحتی کمیٹی نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کر دی۔
پی سی بی کی جانب سے اپریل 2018 میں معاملہ آئی سی سی کی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا تھا جس میں پاکستان نے موقف اختیار کیا تھا کہ 2014 میں فیوچر ٹور پلان سے متعلق ہونے والے معاہدے کے مطابق پاک بھارت کرکٹ سیریز ہونی تھی، بھارت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی ہونے کے بعد پاکستان کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) پر 70 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا جائے تاکہ پاکستان کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2014 میں آٹھ سالوں میں چھ سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا گیا تھا۔ سمجھوتے کے تحت 2015 اور 2016 میں پاک بھارت دو طرفہ سیریز ہونی تھی لیکن بھارت نے معاہدے کے باوجود کھیلنے سے منع کردیا تھا۔
قبل ازیں نومبر 2014 اور دسمبر 2015 میں بھی بھارت کے انکار کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین دوطرفہ سیریز نہیں ہو سکی تھی۔