ریو ڈی جنیریو: برازیل کی مقامی عدالت نے سابق معروف فٹبالر رونالڈینو اور ان کے بھائی رابرٹ اسیس کا پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
چینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جج نیوٹن فیبریکو نے جمعے کی شب پبلک پراسیکیوٹر کی درخواست پر دونوں بھائیوں کا پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم دیا۔
رونالڈینو اور ان کے بھائی پر 2015 میں ایک عدالتی حکم کے تحت عائد کیا گیا جرمانہ ادا نہ کرنے کا الزام تھا۔
رونالڈینو اور رابرٹ پر 2015 میں عدالت نے 23 لاکھ امریکی ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا، یہ جرمانہ ثقافتی ورثہ کی زمین پرغیر قانونی فشنگ پلیٹ فارم بنانے پرعائد کیا گیا تھا۔
ایجنسی کی رپورٹ کے مطباق رونالڈینو یا ان کے وکیل اس حوالے سے ردعمل دینے کے لیے دستیاب نہیں تھے۔
معروف فٹبالر دو بار فیفا پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں، انہوں نے پچھلے سال بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔